خیبر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری: قبائلی اضلاع کی ترقی پر زور

خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سی اینڈ ڈبلیو سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کی معاشی بحالی اور ٹھیکیداروں کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے خیبر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی مرکزی کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں رکن قومی اسمبلی حاجی اقبال آفریدی، ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین عبدالغنی آفریدی، خیبر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر تاج محمد آفریدی، جنرل سیکرٹری حاجی عمر اکبر، اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مہمانان خصوصی میں سابق ایم این اے گل ظفر اور شمالی وزیرستان کے ایم این اے زبیر وزیر بھی شامل تھے۔ تقریب میں ڈپارٹمنٹل افسران، چیف انجینئرز، اور ٹھیکیداروں سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔تقریب میں معاون خصوصی سہیل خان آفریدی نے کابینہ سے حلف لیا اور مسائل پر مبنی سپاس نامہ وصول کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے شفافیت اور تیزی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ٹینڈر کے عمل کو آسان اور شفاف بنانے، غیر قانونی ٹیکسز کے خاتمے، اور آن لائن نظام متعارف کرانے پر کام جاری ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کے وعدے پورے نہیں کیے جا رہے، لیکن خیبر پختونخوا حکومت ترقیاتی کاموں کے لیے وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ میں اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیا تاکہ شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر منتخب کابینہ اور دیگر معززین کو شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید خبریں